اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کوشش کر رہے ہیں کہ اپنے اخراجات کو کم کریں۔ پشاور میں چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے ایف بی آر میں انسانی مداخلت کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیرِ خزانہ کا کہنا ہے کہ ہم ڈپارٹمنٹس اور اٹیچڈ ڈپارٹمنٹس کو بند کر رہے ہیں، حکومت کا کام پالیسی بنا کر اس کو جاری رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اخراجات کم کرنے کے لیے رائٹ سائزنگ کی جا رہی ہے، ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، آئندہ بجٹ کے لیے تاجروں سے تجاویز لے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ٹیکس پالیسی کا اختیار ایف بی آر سے فنانس ڈویژن منتقل ہو چکا ہے، معاشی اقدامات کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام پہلے سے آ چکا ہے، ہم تمام صوبوں میں تمام شعبوں کو سپورٹ کریں گے۔