اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 86 مریض دم توڑ گئے، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 24 ہزار چار ہو گئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 84ہزار427ایکٹو کیسز موجود ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 49 ہزار 506 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3884 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ خیال رہے کہ نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک بھر میں مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد دس لاکھ 75ہزار504 تک جا پہنچی ہے۔
واضح رہے کہ نو لاکھ 67 ہزار73افراد اب تک کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ نینشل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مثبت کیسز کی شرح 7.84 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔