اسلام آباد (پاک صحافت) اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کوئی سیاسی جماعت آئینی ترمیم چاہتی ہے تو ہونی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحاق ڈار نے سینیٹ کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں 35 سو سے زائد اسکول بند ہیں کیونکہ اساتذہ دستیاب نہیں۔ 18ویں ترمیم سے متعلق کوئی بھی مسئلہ نہیں، این ایف سی کے تحت صوبوں میں وسائل کی تقسیم پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ آئین کے تحت این ایف سی 5 سال بعد ریوائز ہونا چاہیے، میڈیا میں اٹھارویں ترمیم سے متعلق خبر گردش میں ہے، خبر میں ہے کہ ن لیگ کی منشور کمیٹی کو کہا ہے اٹھارہویں ترمیم کو دوبارہ دیکھا جائے، منشور کمیٹی کو کوئی ایسا مینڈیٹ نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس متعلق منشور کمیٹی کے چیئرمین نے بیان جاری کیا ہے، ابھی منشور نہیں بنا، اٹھارہویں ترمیم سے متعلق کوئی ایسی چیز منشور کمیٹی میں نہیں ہے، ہم اٹھارہویں ترمیم کے وقت شامل رہے۔ این ایف سی میں وفاق کا حصہ صوبوں کو اور صوبوں کا وفاق کو ٹرانسفر کیا گیا۔