لاہور (پاک صحافت) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ کوئی اگر ووٹ کو عزت دو کے نظریے سے بھاگا ہے تو اس میں ہمارا کیا قصور؟ ندیم افضل کا کہنا ہے کہ ہم اپنے نظریے سے نہیں بھاگے، اداروں کے پیچھے چھپنا سیاسی جماعتوں کے لیے اچھی بات نہیں، چیئرمین بلاول بھٹو نے سیاسی پختگی کا مظاہرہ کیا، کس کے نظریے یا طریقہ کار میں پختگی تھی، قوم نے دیکھ لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ میثاق جمہوریت کے بعد ہمارے ورکرز پر قدغن ہے، ہم اخلاقیات کا دامن نہ چھوڑیں، ہم لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہے تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن لڑنے کا اختیار ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ضیاء الحق اور نظام عدل میں افتخار چوہدری کی باقیات نہیں چاہتے۔
واضح رہے کہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ہم اخلاقی دائرے میں ریتے ہوئے سیاسی جماعتوں کو جواب دیں گے، ہم کہتے ہیں الیکشن ہوں اور اسلامی جمہوری اتحاد کے طرز پر نہ ہوں، نو ستارے پھر نہ اکٹھے کیے جائیں، کوئی اپنے نظریے سے بھاگا ہے تو ہم تو نہیں بھاگے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا گزشتہ روز کا فیصلہ متوقع تھا، پہلے بھی عدالتوں کا سامنا کیا، اب بھی کریں گے۔