کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع

ضمنی الیکشن

کراچی (پاک صحافت) کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی بھی شروع کر دی گئی ہے۔  خیال رہے کہ ووٹوں کی گنتی کے عمل کے ساتھ ہی کنٹونمنٹ بورڈ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے، تاہم ضابطہ اخلاق کے باعث نتائج 6 بجے سے جاری کرنا شروع کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق تمام پولنگ ایجنٹس اور امیدوار نتیجے کی کاپی پریزائیڈنگ افسروں سے حاصل کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے سلسلے میں جاری پولنگ میں مختلف وجوہات کی وجہ سے کہیں بے نظمی دیکھنے میں آئی تو کہیں ووٹنگ کا عمل سست روی کا شکار رہا۔

واضح رہے کہ کراچی میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے فہیم خان کی کورنگی کنٹونمنٹ کے وارڈ نمبر 3 بھٹائی کالونی آمد پر پیپلز پارٹی کے امیدوار ناصر شیخ نے احتجاج کیا ہے۔احتجاج کے باعث پولنگ اسٹیشن پر صورتِ حال کچھ دیر کشیدہ رہی، جس کے بعد ایم این اے فہیم خان روانہ ہو گئے اور صورتِ حال معمول پر آگئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے