لاہور (پاک صحافت) مریم نواز کا کہنا ہے کہ کم لاگت ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ہوچکا، ہر سال دائرہ بڑھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب سے ڈاکٹر امجد ثاقب نے ملاقات کی۔ اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ کم لاگت والے ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ہو چکا۔ ہرسال دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔ بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 6 منزلہ فلیٹس بنائیں گے۔ پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں میں بھی 3 سے 5 مرلے تک گھر بنا کر دیں گے۔ عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کیلئے سبسڈیز حکومت دے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا اور سستا رہائشی پراجیکٹ ہوگا، پروگرام کا بنیادی مقصد مالی طور کمزور طبقوں کو رہائش فراہم کرنا ہے، عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے لئے حکومتی سبسڈیز دیں گے، آسان ترین ماہانہ اقساط مقررکریں گے۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست گھروں کی تعمیر کو فروغ دیا جائے گا، انقلابی ہاؤسنگ پراجیکٹ کے اجراء سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا، بے گھر لوگوں کو اپنے گھر کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔