پشاور (پاک صحافت) کرم کے علاقے بگن میں جاری آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں، جبکہ سامان رسد لے کر قافلہ آج پارا چنار کیلئے روانہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق بگن میں 19 سے 21 جنوری تک سول ایڈمنسٹریشن، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے مشترکہ سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں۔ آپریشن کے دوران مقامی مشران اور عوام نے بھرپور تعاون کیا اور معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا، یہ کامیابی علاقے میں دیرپا امن کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق آج ممکنہ طور پر سامان رسد لے کر قافلہ پارا چنار کیلئے روانہ ہوگا۔ کرم میں فریقین کے دستخط شدہ امن معاہدے کے مطابق آئندہ بھی کسی واقعے کے نتیجے میں شر پسندوں کے خلاف بلاتفریق سخت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ کرم میں آپریشن کے ساتھ ساتھ مذاکرات بھی جاری ہیں، کرم کا مسئلہ سالوں پرانا ہے حل ہونے میں وقت لگے گا، کرم کے عمائدین آئندہ چند روز میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے ملاقات کریں گے۔