کرغز حکومت نے طلبہ کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے، سوشل میڈیا پر یقین نہ کریں۔ پاکستانی سفیر

پاکستانی سفیر

بشکیک (پاک صحافت) کرغزستان میں پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ کرغز حکومت کی جانب سے طلبہ کے تحفظ کے لیے سفارت خانے کو یقین دہانی کرائی گئی ہے، اہل وطن سوشل میڈیا پر یقین نہ کریں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیر حسن ضیغم نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ بشکیک میں 6 ہاسٹلز میں پرتشدد واقعات ہوئے جن میں حملوں کے دوران 14 طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جن میں سے ایک پاکستانی ہے، جس کا نام شاہ زیب ہے۔ پاکستانی طالبعلم اسپتال میں زیر علاج ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ملاقات بھی کرلی گئی ہے۔ طالب علم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کرغز حکومت کی جانب سے سفارت خانے کو غیر ملکی طلبہ کے لیے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ جب کہ پولیس کو بھی اس سلسلے میں الرٹ کردیا گیا ہے۔ کرغز پولیس کی جانب سے واقعات کی تحقیقات کے دوران کچھ مشکوک افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

پاکستانی سفیر نے بتایا کہ کرغز حکومت کی جانب سے ہاسٹلز میں مقیم تمام غیر ملکی طلبہ سے وہیں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور تاکید کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والے مواد پر یقین نہ کریں اور نہ ہی اسے شیئر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانے کے نمبر پر سیکڑوں کالز وصول کی جا چکی ہیں جب کہ کچھ افراد کا ان کے اہل خانہ سے رابطہ بھی کروایا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بشکیک میں پاکستانی سفارت خانے کو وہاں موجود شہریوں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے