کراچی (پاک صحافت) کراچی میں پہلی بار خواتین کے لیے مخصوص پنک بس سروس کا افتتاح آج ہوگا۔ پنک بس سروس میں انٹرنیٹ اور موبائل چارجنگ کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ سندھ حکومت کے مطابق خواتین کے لیے مخصوص پنک بسوں میں فیئر کلیکٹرز بھی خواتین ہی ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق پنک پیپلز بس سروس کا افتتاح آج وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کریں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پنک بس سروس سےخواتین کو بہترین سفری سہولیات ملیں گی۔ خیال رہے کہ اس حوالے سے شرجیل میمن نے بتایا ہے کہ پنک بس سروس دفتری اوقات میں ہر 20 منٹ کے بعد چلیں گی۔
واضح رہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ دفتری اوقات کے بعد ہر ایک گھنٹے بعد پنک بس سروس چلائی جائے گی۔ بس سروس کا آغاز ملازمت پیشہ خواتین کے سفری مسائل کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پنک پیپلز بس ملیر ماڈل کالونی سے آئی آئی چندریگر روڈ تا ٹاور چلے گی۔