کراچی (پاک صحافت) ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ اس وقت کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ صورت حال انتہائی تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی صورت حال انتہائی خطرناک ہے، اسپتالوں میں زیادہ تر کیسز ویکسینیشن نہ کروانے والوں کے ہیں۔ کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ انتہائی خطرناک ہے، کراچی میں کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ویکسینیشن ضرور کروائیں۔
ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ شہری احتیاط کریں، خود کو اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں، شام کے وقت غیر ضروری باہر نہ جائیں، کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سختیاں کرنا غیر مقبول فیصلہ ہے لیکن شہریوں کی زندگیوں کا معاملہ ہے، تاجر تنظیمیں، سول سوسائٹی اور اسٹیک ہولڈرز اپنا رول ادا کریں۔