سیالکوٹ (پاک صحافت) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو ڈسکہ الیکشن سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کے دوران این اے 75 ڈسکہ کے لئے ترقیاتی پیکجز کا اعلان کیا تھا، جو ڈسکہ میں جاری الیکشن سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہےکہ انہوں نے پریس کانفرنس میں حلقے کے لیے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ یاد رہے کہ دوسری جناب ق لیگ کے رہنما سلیم بار یار کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے (ق) لیگ کے رہنما چوہدری سلیم باریار کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ سلیم باریار نے 9 اپریل کو حلقے کا دورہ کیا اور 50 کروڑکے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ خیال رہے کہ فردوس عاشق اعوان اور سلیم باریارکو 2 دن کے اندر جواب داخل کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔