اسلام آباد (پاک صحافت) وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کا اہم اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔ چین کے سالِ نو کے موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام کی جانب سے چین کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں سماجی و معاشی میدان میں چین نے بے مثال ترقی کی، چینی صدر کی قیادت میں چین کی ترقی قابلِ ستائش ہے۔ وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ترقی کے سفر میں پاکستان اور چین اہم شراکت دار ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ چین کے ساتھ قریبی تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چینی سال نو اور موسم بہار کے تہوار پر صدر شی جن پنگ کو مبارک باد دی ہے۔ آصف علی زرداری نے چین کے صدر شی جن پنگ کو لکھے گئے خط میں پاکستان اور چین کی آہنی دوستی مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔