لاہور (پاک صحافت) سابق وزیرِ اعظم اور صدرِ پاکستان مسلم لیگ ن، میاں محمد شہبازشریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کو رہا کرنے پر ردّ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کا ’گُڈ ٹو سی یو‘کا پیغام ہائیکورٹ تک پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی، چیف جسٹس کا ’گُڈ ٹو سی یو‘ اور ’وشنگ یو گڈ لک‘ کا پیغام اسلام آباد ہائیکورٹ تک پہنچ گیا، فیصلہ آنے سے پہلے ہی سب کو پتہ ہو فیصلہ کیا ہوگا تو یہ نظام عدل کے لیے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ سے واضح پیغام مل جائے تو ماتحت عدالت یہ نہ کرے تو اور کیا کرے؟
واضح رہے کہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف کی سزا یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ جج لگا تھا، لاڈلے کو بچانے کے لیے خود چیف جسٹس مانیٹرنگ جج بن گئے، نظامِ عدل کا یہ کردار تاریخ کے سیاہ باب میں لکھا جائے گا۔ ایک طرف جھکے ترازو اور انصاف کو مجروح کرتا نظام عدل قابلِ قبول نہیں، خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ کر کھانے والے کے سامنے قانون بے بس ہے۔