اسلام آباد (پاک صحافت) اسلام آباد میں جلوس کی سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، پشاور سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا جہاں 4 ہزار کے قریب پولیس اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک پولیس نے پیر کو شہدائے کربلا کے چہلم کے مرکزی جلوس کے لیے متبادل روٹس جاری کردیے، جلوس کے دوران ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک بند رہے گی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ناظم آباد سے آنے والے لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ جاسکیں گے، لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو تین ہٹی سے لسبیلہ چوک موڑ دیا جائے گا جبکہ شاہراہ قائدین سے نمائش جانے والے کشمیر روڈ سے جاسکیں گے۔
اسلام آباد میں چہلم امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے جلوس کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم پر تعزیے اور ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو سے برآمد ہو گا، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسی جگہ اختتام پذیر ہوگا۔
پشاور میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلے میں آج 2 جلوس ذوالجناح برآمد ہوں گے، پہلا جلوس امام بارگاہ آغا سید لعل شاہ سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا جبکہ دوسرا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ھال صدر سے رات 10 بجے برآمد ہوگا۔
جلوس کے مقررہ راستوں پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، جلوس کے داخلی راستوں پر پولیس کی ناکہ بندی ہے جبکہ جلوس کے راستہ میں عزاداروں کے لیے سبیلوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔