لاہور (پاک صحافت) وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے جمع کرائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی ہے۔
سیکریٹری اسمبلی کے چیمبر میں جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی پر اس ایوان کی اکثریت کا اعتماد نہیں رہا اور صوبے کے معاملات آئین کے تابع نہیں چلائے جارہے ہیں۔ نیز ملکی صورتحال کے زیر اثر انہوں نے صوبہ پنجاب میں جمہوری روایات کا قلع قمع کیا ہے لہذا یہ ایوان چوہدری پرویز الہی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے 21 دسمبر کو صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے پرویز الہی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ایڈوائس کی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ نمبرز پورے ہونے کے بعد ہی تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے۔