چودھری انوارالحق اور حافظ نعیم کا تحریک آزادی کشمیر کو تیز تر کرنے پر اتفاق

انوارالحق نعیم الرحمن

مظفرآباد (پاک صحافت) وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ملاقات کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران تحریک آزادی کشمیر کو تیز تر کرنے اور بیس کیمپ کی بحالی کیلئے مربوط حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر حریت قیادت، سیاسی رہنماؤں اور معززین نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے، کشمیری اپنی جائز جدوجہد کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر انسانی قوانین نافذ کر کے کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کردیا ہے۔

چودھری انوارالحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور اہل پاکستان کی حمایت سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کا حوصلہ بلند ہوتا ہے، جماعت اسلامی نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی، مہاجرین مقبوضہ جموں وکشمیر کی آبادکاری اور ریاست میں دیگر فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مکمل سیاسی رواداری اور امن ہے، ہم نے دوطرفہ محبت اور خوشگوار تعلقات پر مبنی روایات قائم کی ہیں، کشمیریوں کی جدوجہد پرامن اور عالمی قوانین کے عین مطابق ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے