کراچی (پاک صحافت) پاکستان میں کورونا وائرس کی پانچویں لہر نے سر اٹھایا ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ کئی دنوں سے کورونا کیسز میں شدت آگئی ہے جبکہ سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈھائی ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے اور شہر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح 39.39 فیصد پر پہنچ گئی۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں اب تک صرف 460 کیسز کی جنیوم سیکیونسنگ کے بعد تصدیق ہوئی ہے، 56 مشتبہ کیسز کی جنیوم سیکیونسنگ جاری ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں 1 شخص جان کی بازی ہار گیا 229 مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ 18 مریض وینٹیلیٹر پر زیر علاج ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ روزانہ رپورٹ ہونے والے 95 فیصد کیسز اومیکرون کے ہیں، فروری کے وسط تک یہ لہر اپنے عروج پر ہوگی۔