پی ڈی ایم سربراہ کی طبیعت تاحال ناساز، علاج جاری

فضل الرحمان

اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی طبیعت تاحال ناساز ہے، جبکہ ماہر ڈاکٹروں کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق مسلسل بخار کے باعث مولانا کو ڈرپ لگانی پڑی۔  ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز  نے مسلسل بخار کے باعث فضل الرحمان کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ کی اٹھائیس تاریخ سے جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی طبیعت خراب ہے، انہوں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ منفی آئی تھی۔ خیال رہے کہ طبیعت کی ناسازی کے باعث پی ڈی ایم سربراہ نے تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں۔  یاد  رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی بھی طبیعت خراب ہوگئی تھی، جس کے بعد انہوں نے بھی تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں۔

واضح رہے کہ مریم نواز کی طبیعت خراب ہونے سے متعلق ن لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مریم نواز کی طبیعت ناساز ہے، انہیں تیز بخار اور گلے میں شدید درد ہے، مریم نواز نے اپنا کرونا ٹیسٹ بھی کرایا ہے، جس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ مریم نواز شریف طبیعت کی ناسازی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ بھی گئیں تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے