فیصل آباد (پاک صحافت) رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم پاکستان کو ایک اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کے لئے مل کر جدوجہد کررہی ہے جو مقصد کے حصول تک جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی کو ملک پر مسلط کر کے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ملکی تباہی لانے والے کی ذمہ داری کسی کو قبول کرناچاہئے، کٹھ پتلی اب اُن کے ساتھ بھی ایک پیج پر نہیں ہے۔ 16 اکتوبر کو فیصل آباد کے عوام سلیکٹڈ و نااہل حکومت کے خلاف فیصلہ دینگے۔
رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ عوام مہنگائی کی بدترین صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس وقت ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ اگر کوئی دکاندار دس روپے والی چیز 30 روپے کی بیچتا ہے تو اسے کوئی پوچھنے والا نہیں، گرانفروشوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ گورننس نہیں، وزیراعلی ہاؤس میں ٹاٹوازم کا قبضہ ہے، بولی لگائیں اور جو مرضی سیٹ حاصل کر لیں۔