کراچی (پاک صحافت) پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے پارٹی عہدہ داران اور کارکنان کو اپوزیشن اتحاد جماعت پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے متعلق تلخ بیانات دینے سے روک دیا۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عہدہ داران سمیت کارکنان تلخ بیان بازی اور تجزیوں سے گریز کریں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلپزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ کارکن اورعہدیدار پی ڈی ایم اتحاد پر تلخ تبصروں سے گریز کریں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سخت ردعمل سے گریز کیا جائے جس سے اپوزیشن کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ کہنا تھا کہ سوشل میڈیا رضا کار اور میڈیا پر پی پی کے ترجمان پی ڈی ایم کے حوالے سے منفی تبصروں سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس کے بعد سے سوشل میڈیا سمیت نجی ٹی وی چینلز پر پی ڈی ایم میں اختلافات کی خبریں سامنے آئیں، تاہم پی پی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے اپنے حالیہ بیان میں کارکنان اور عہدہ داروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے متعلق تلخ بیان بازی سمیت تلخ تجزیوں سے گریز کیا جائے۔