اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے پاؤں یا پھر گریبان پکڑتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت چاہتی ہے سب کی ملاقات ہو لیکن نام اندر سے بانی پی ٹی آئی خود دیتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن نے بھی کہا ہے جو نام اندر سے آئیں گے انہیں ملنے دیا جائے گا، جو نام اندر سے آتے ہیں ان کی ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں اور آگے بھی ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق دانیال چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا شکوہ یہ ہے کہ جن بیساکھیوں کے پیچھے بھاگ رہے تھے اب مل نہیں رہیں۔ پی ٹی آئی والے آج کل بیساکھیوں کے منتظر ہیں یا پھر این آر او کے، ان کے شکوے شکایات کا مقصد یہ ہے کہ ہم ہاتھ جوڑتے ہیں بیساکھیاں دے دیں۔ پی ٹی آئی والے پاؤں پکڑتے ہیں یا پھر گریبان پکڑتے ہیں،
انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین سے متعلق ڈیٹا ابھی کمپائل ہورہا ہے، کچھ دنوں میں ڈیٹا سامنے آجائے گا، پاکستان نے دوسروں کی جنگ اور دوسروں کا بوجھ برسوں اٹھایا ہے۔