اسلام آباد (پاک صحافت) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاژ کرنے کیلئے پوری کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے معیشت بہتر ہوگی، اس معاہدے کیلئے وزیراعظم کی کوششیں انتہائی اہم ہیں۔ تحریک انصاف کی صفوں میں ماتم بچھی ہوئی ہے، مہم چلائی گئی کہ کسی طرح آئی ایم ایف پروگرام کو روک سکیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی نے آج تک ریاست مخالف سرگرمیاں نہیں کی تھیں، پاکستان تحریک انصاف ملک دشمن سرگرمیوں میں حد سے گزر چکی۔ پاکستان کے مسائل کوئی اور نہیں صرف ہم ہی حل کر سکتے ہیں، برآمدات بڑھا کر معاشی استحکام حاصل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 9 بڑے چیلنجز ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، سب سے بڑا چیلنج ملک کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے، ٹیکس چوری کی نشاندہی ہر اس فرد کی ذمہ داری ہے جو ٹیکس ادا کرتا ہے، ٹیکس چوری کی نشاندہی نہ کی تو ٹیکس دینے والوں پر ہی مزید بوجھ پڑے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے نظام عدل کو مضبوط کرنا ہے، ہمارے ہاں رات ایک بجے تک تجارتی مراکز کھلے ہوتے ہیں۔