پی ٹی آئی حکومت نے بحرانوں کو کم کرنے کے بجائے بڑھاوا دیا۔ سراج الحق

سراج الحق

راولپنڈی (پاک صحافت) سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی نااہل و نالائق حکومت نے ملک اور قوم کو درپیش بحرانوں کو کم کرنے کے بجائے انہیں مزید بڑھاوا دے کر عوام کا جینا محال کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک دوراہے پر کھڑا ہے اور روز بروز مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ غیرسنجیدہ حکمرانوں اور حل ڈھونڈنے کے ذمے داروں کو ان مسائل کا ادراک تک نہیں۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں 4 وزرائے خزانہ بدلے گئے، لیکن معیشت کی تباہی نہ رکی۔ عام آدمی کی حالت قابل رحم ہے، کوئی غریب کی بات سننے کو تیار نہیں۔ حکومت بے حسی اور ہٹ دھرمی کی تمام حدیں پھلانگ چکی ہے۔ لوگ مہنگائی کے ہاتھوں فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ بجلی، گیس اور تیل کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے غریب اور متوسط طبقہ بری طرح متاثر ہواہے۔ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگوں کو عام آدمی کے مسائل کا ادراک تک نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے