اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے تحریک انصاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماء اور کارکن عدلیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کی طرح کل کو عدلیہ پر جانبداری کا الزام لگا کر سیاست کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے غیر ملکی مراسلے پر کمیشن کے قیام کے فیصلے کو ہی مسترد کر دیا ہے، تحریک انصاف جس عدلیہ پر آج کل گالم گلوچ کر رہی اس کے کمیشن پر کیسے اعتبار کرے گے؟ عمران خان سمجھتے ہیں “بیرونی سازش” کا بیانیہ ان کو انتخابات جیتنے میں مدد کرے گا۔
واضح رہے کہ شیری رحمان نے جاری بیان میں مزید کہاکہ ہمیں پورا یقین ہے تحریک انصاف عدلیہ کے بنائے کمیشن کے فیصلے کو بھی تسلیم نہیں کرے گی۔ کمیشن اور تحقیقات سے بھاگنے کا مقصد اس معاملے پر سیاست کرتے رہنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو معلوم ہے کہ کمیشن کی انکوائری میں ان کا بیانیہ ختم ہو جائے گا۔