لاہور (پاک صحافت) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے وفاقی وحکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اقتدار کا سورج مایوسی اور بے بسی کے ساتھ غروب ہو رہا ہے۔ سراج الحق کا کہنا ہے کہ تبدیلی جہاں سے لائی گئی وہیں سے واپس جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کے نامہ اعمال میں ناکامیوں کے علاوہ کچھ نہیں ، ڈالروں کے عوض ملکی خودمختاری آئی ایم ایف کو سونپ دی گئی ، سینیٹ میں حکومت اور اپوزیشن کی نورا کُشتی عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئی۔
واضح رہے کہ سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخواہ سے پی ٹی آئی کے زوال کا آغاز ہوگیا ، کے پی بلدیاتی الیکشن کے اگلے مرحلے میں پی ٹی آئی کا صفایا ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم گھبرانا نہیں کی گردان چھوڑیں اور جانے کی تیاری کریں۔