اسلام آباد (پاک صحافت) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کہتی تھی جمہوریت میں مداخلت نہ کرو، اب پاؤں پکڑ کر مداخلت چاہتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر مملکت کے خطاب کے دوران اپوزیشن نے سیٹیاں بجائیں اور نامناسب رویہ رکھا، صدر آصف زرداری نے مل کر چلنے کی بات کی، ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے مل کر چلنا ہوگا، بات چیت کے بغیر ملکی مسائل کا حل ممکن نہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اپوزیشن ذاتی مسائل کے بجائے عوامی مسائل پربات کریں، بجٹ میں بھی اپوزیشن کا کردار ہونا چاہیئے، شاید اپوزیشن اپنی آئینی ذمہ داری بھول چکی ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ اپوزیشن کو آئینی کردار یاد کروائیں۔
سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن صرف ذاتی رونا دھونا کررہی ہے، صدر زرداری نے صحت اور تعلیم کے شعبوں پر بات کی، ہم نے دل کےعلاج کے مفت اور معیاری اسپتال کھولے، سندھ کے شہری علاج کے لیے صوبے سے باہر نہیں جاتے، سندھ کے اسپتالوں میں چاروں صوبوں کے لوگ آتے ہیں۔