اسلام آباد (پاک صحافت) رہنما مسلم لیگ ن بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) احتجاج کے نام پر انتشار پھیلاتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کو آئین اور قانون سے ہٹ کر کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر عقیل ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت کی پریس کانفرنس مضحکہ خیز ہے، 10 نکاتی ایجنڈے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کو ریلیف ملے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو آئین اور قانون سے ہٹ کر کوئی ریلیف نہیں ملے گا، پی ٹی آئی اجازت کے بغیر احتجاج کرتی ہے، دفعہ 144 عوام کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے نافذ کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی احتجاج کے نام پر انتشار پھیلاتی ہے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ احتجاج کے دوران قانون کو ہاتھ میں لیا، جب آپ قانون توڑیں گے تو قانون حرکت میں آئے گا، اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دیں گے۔