اسلام آباد (پاک صحافت) تحریک انصاف پر پابندی اور مخصوص نشستوں کے معاملے پر ایوان صدر میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر گفتگو ہوئی۔ مشاورتی اجلاس میں مخصوص نشستوں اور دیگر اہم معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ مشاورتی اجلاس میں گفتگو کے دوران کہا گیا کہ تحریک انصاف کا رویہ جمہوری نہیں ہے۔ پی ٹی آئی خود کو سیاسی جماعت کہتی ہے تو رویہ بھی سیاسی جماعت جیسا اپنانا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادیوں کے درمیان تقریباً ڈیڑھ گھنٹے ملاقات جاری رہی۔ مسلم لیگ ن کی لیگل ٹیم نے پیپلز پارٹی کو پی ٹی آئی سے متعلق فیصلوں پر اعتماد میں لیا۔ وزیر قانون اور اٹارنی جنرل نے پی ٹی آئی پر پابندی کے حکومتی فیصلہ کے قانونی نکات سے آگاہ کیا۔
پیپلز پارٹی کی لیگل ٹیم نے مستقبل میں ان فیصلوں کے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ پی پی نے حکومتی فیصلوں پر پارٹی میں مشاورت اور سی ای سی سے توثیق لینے کا کہا۔