کراچی (پاک صحافت) وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے اربوں روپے لابسٹ کو دیے ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دشمنی پاکستان سے ہے، پاکستان کو بدنام کرنے کی انٹرنیشنل سازش ہے لیکن ہمارے تمام ادارے مضبوط ہیں، اس لیے سازش کامیاب نہیں ہو گی، اربوں روپے دے کر پاکستان کو ٹارگٹ کر رہے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہر لیڈر اور رہنما الگ بیانیہ دے رہا ہے، پی ٹی آئی اس وقت احتجاج پلان کرتی ہے جب بیرونِ ملک سے لوگ یہاں آ رہے ہوتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کے خلاف اربوں روپے لابسٹ کو دیے ہوئے ہیں، یہ لابسٹ پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کر رہے ہیں، پی ٹی آئی نے پاکستان کی امداد بند کرنے کے لیے آئی ایم ایف کو خط لکھے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کا ایک ہی ہدف ہے کہ ملک میں انتشار پھیلے۔
اُنہوں نے کہا کہ کوئی بھی پی ٹی آئی کے ڈر اور خوف میں نہیں، سندھ میں کوئی گرفتاری نہیں ہوئی، یہاں پی ٹی آئی ہے ہی نہیں، اسلام آباد میں لاشوں کی نام پر سیاست کر رہے ہیں، جھوٹ کا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ گنڈا پور نے اسمبلی کے فلور پر کہا کہ ہتھیار اور پیسہ ہے، ہم لڑیں گے، یہ کس سے لڑنے کی بات کر رہے ہیں؟ آپ نے لڑنا ہے تو دہشت گردوں سے لڑیں، آپ حکومت سے لڑنے کے لیے کیسے ہتھیار اٹھا سکتے ہیں؟ اس سے بڑا غیر ذمے دارانہ بیان کوئی اور نہیں ہو سکتا۔