پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو صرف سبزباغ ہی دکھائے ہیں۔ حمزہ شہباز

حمزہ شہباز

لاہور (پاک صحافت) حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ حکومت نے تین سال میں عوام کو صرف سبز باغ دکھانے میں گزار دئے ہیں، ان کے تمام نعرے اور وعدے جھوٹے ثابت ہوچکے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھاد غائب کرنے کے پیچھے کون سا مافیا ہے، آج کھاد کی قیمت کہاں سے کہاں پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ڈی اے پی کی ایک بوری کی قیمت 10 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر چکی ہے جبکہ یوریا کی بوری کی قیمت 25 سو روپے سے زیادہ ہے۔

حمزہ شہباز کا مزید کہنا ہے کہ کسان پورٹل، کسان کارڈ اور کھاد کی قیمتوں میں کمی کرنے کا دعویٰ حکومت کی جانب سے دکھایا جانے والا سبز باغ تھا۔ حکمرانوں کو کسانوں کے مسائل کا ادراک ہی نہیں، آج کسان ایک بوری کھاد کے لئے ذلیل و خوار ہو رہا ہے، رحیم یار خان، صادق آباد اور خان پور سمیت جنوبی پنجاب میں کھاد غائب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی عوام دشمن حکومت ملکی معیشت کو ٹھکانے لگانے کے بعد پاکستان کو غذائی بحران میں بھی دھکیل چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے