اسلام آباد (پاک صحافت) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں بے روزگاری اور مہنگائی نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت عوام کے لئے عذاب بن چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو دو وقت کی روٹی اور بنیادی اشیائے ضرورت میسر نہیں اور وزیراعظم معیشت کی بہتری کا راگ الاپ رہے ہیں۔ عمران خان اور ان کی ٹیم کا عوام سے کوئی تعلق نہیں۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ اگر ملکی معیشت بہتر ہے تو عمران خان بیرون ممالک سے بھیک کیوں مانگ رہے ہیں۔ عوام کی مشکلات کا حکومت کو کوئی احساس نہیں ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی دوغلی پالیسی اور کھوکھلے نعرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ کہاں ہے وہ ایک پاکستان جس کا عمران خان نے وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔ عمران خان کے رشتہ داروں اور حکومتی افراد کو کھلی چھوٹ ہے وہ چاہے کچھ بھی کریں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی حکومت کے ظلم کا حساب ضرور لیں گے۔ پیپلزپارٹی کو دھمکیوں کے ذریعے ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش نہ کی جائے۔ ہماری طاقت اقتدار نہیں بلکہ عوام ہیں۔