اسلام آباد (پاک صحافت) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت گزشتہ تین سال سے عوام کو جھوٹے وعدوں کے ذریعے دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے جبکہ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجود حکومت کی تین سالہ کارکردگی صفر ہے، گزشتہ حکومت کے دور میں بنائے گئے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگانے کے علاوہ عمران خان نے کچھ نہیں کیا ہے۔ ملک پر نااہل اور فراڈ ٹولے کو مسلط کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پانچ کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نیچے لے آئی ہے۔ انہوں نے 50 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کردیا۔ خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کو تالا لگا ہوا ہے۔ تین سال سے عوام کا پیسہ لوٹا جارہا ہے۔ ترقی کی شرح کا فراڈ کر کے معیشت کو بہتر دکھایا جاسکتا ہے لیکن آٹے، گیس، بجلی کی قیمت کو آپ تبدیل نہیں کرسکتے۔