اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم کے مشیر قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے، انتشتار چاہتے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ ہم نے کمیٹی تحلیل نہیں کی، 2 دن تک دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے ایک دوسرے پر تحفظات بھی ہیں۔ عقیل ملک نے مزید کہا کہ پیکا ایکٹ پر حکومت کو کسی چیز کی جلدی نہیں جبکہ ہم نے صحافی برادری کو ٹارگٹ نہیں کیا، یہ سب کے لیے ہے۔ یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام (ترمیمی) بل 2025 (پیکا) کی توثیق کردی۔
واضح رہے کہ الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام کا ترمیمی بل 2025 صدر کے دستخط کے بعد قانون بن گیا، اس سے قبل یہ بل قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی منظور کیا گیا تھا، پیکا ترمیمی بل کے خلاف صحافیوں نے پارلیمنٹ کی کارروائی سے واک آؤٹ بھی کیا تھا۔