اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم کے لئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی حمایت کا اعلان کر دیا۔بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وزیراعظم کے لئے پیر کو شہباز شریف کی حمایت کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے برطانوی نشریاتی ادراے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے تین سال میں آئین،جمہوری نظام، انسانی حقوق،میڈیا کی آزادی کو نقصان پہنچایا گیا، پاکستان کے مسائل صرف جمہوریت میں ہی حل ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہماری جماعت کی حالیہ جدوجہد کے مقاصد میں عدم اعتماد کو کامیاب بنانا تھا، جدوجہد کا مقصد جمہوری پاکستان کی جانب آگے بڑھنا ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد لانے کا مقصد صرف شہباز شریف کو منتخب کرانا نہیں بلکہ تحریک عدم اعتماد کا مقصد انتخابی اصلاحات ہیں، پیپلز پارٹی وزیراعظم کے لئے پیر کو شہباز شریف کی حمایت کرے گی۔