نواب شاہ (پاک صحافت) آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کارکن ہمارا سرمایہ ہیں، ہم نے اپنے منشور میں کبھی جھوٹے وعدے نہیں کیے بلکہ عملی طور پر عوام کی خدمت کی۔ ہم نے ملکی ترقی کے لئے آگے بڑھ کر کام کیا ہے۔
آصف زرداری کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ منصوبہ بندی اور سازش کے تحت انجینئرڈ انتخابات کے ذریعے ہمیں باہر کردیا گیا۔ جب پیپلز پارٹی کی حکومت نے خیبرپختونخوا کا نام رکھا تو اسفندیار جیسا دلیر شخص روپڑا، ہم نے ہر زخم پر مرہم رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش بحرانوں اور عوامی مسائل کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے۔