لاہور (پاک صحافت) آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے جمہوریت کیلئے جو قربانیاں دیں تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے عالمی یوم جمہوریت کے موقر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا جمہوریت پر پختہ یقین ہے، پاکستان میں جمہوریت کا سورج جب بھی طلوع ہوا ہے گڑھی خدا بخش کے قبرستان سے شہیدوں کے خون کی لالی کے ساتھ طلوع ہوا ہے۔
آصف زرداری کا مزید کہنا ہے کہ جمہوریت باوقار اور مہذب معاشرے کی ضمانت ہے، جمہوریت ایسی روشنی ہے جو ترقی کی منزلوں کا راستہ دکھاتی ہے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے تختہ دار اور بارودی سرنگیں عبور کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان نے ہمیشہ جمہوریت کا پرچم مضبوطی سے تھام رکھا، پیپلزپارٹی کے کارکنان نے جیل کی مشکلات برداشت کی مگر جمہوریت کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے۔