لاہور (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو ہدایت کی کہ پاکستان پیپلزپارٹی سے متعلق کسی بھی قسم کی بیان بازی سے گریز کی جائے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یوسف رضاگیلانی کے معاملے پر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں ن لیگ کے سینئر رہنما معاملہ اٹھائیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کوٹ لکھپت جیل میں شہبازشریف سے ملاقات کی جو سوا دو گھنٹے جاری رہی، جس میں پی ڈی ایم میں تضادات پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے یوسف رضا گیلانی کو ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف بنائے جانے پر مسلم لیگ ن میں پائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کیا۔خیال رہے کہ اس موقع پر حمزہ شہباز نے شہباز شریف سے کہا کہ پیپلز پارٹی نے یوسف رضاگیلانی کےمعاملے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، پیپلزپارٹی کے اس رویے پر پی ڈی ایم کے اجلاس میں احتجاج کافیصلہ کیاگیاہے۔
واضح رہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں ہونے والی ملاقات میں ن لیگ کے نائب صدر شہبازشریف نے حمزہ شہباز سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ شہبازشریف نے حمزہ کو بلدیاتی نمائندوں سے رابطوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ فوری طورپر بلدیاتی نمائندوں سے ملاقاتوں اور کنونشنز کا اہتمام کریں، بلدیاتی نمائندے ن لیگ کی اصل قوت ہیں، موجودہ سیاسی صورتحال میں بلدیاتی نمائندوں کو قانونی و سیاسی معاونت فراہم کریں۔