اسلام آباد (پاک صحافت) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سمری کے مطابق حکومت کی جانب سے آئندہ 16 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا کو قیمتوں کے حوالے سے اس کی تجاویز خفیہ رکھنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے کیوں کہ قیمتوں میں اضافے کے لیے حکومت کو اس کے حساب سے آگے بڑھنا پڑ سکتا ہے تاکہ پیٹرولیم لیوی کو کم کرنے کی وجہ سے ہوئے آمدنی کے نقصان کو بتدریج پورا کیا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق ایک سرکاری عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ ٹیکس کی موجودہ شرح، درآمدی قیمت اور روپے کی قدر میں کمی کی بنیاد پر اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے 5 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا ہے۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں 3 سے 5 روپے اضافے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ سرکاری ذرائع کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ ایکسچینج ریٹ کا نقصان اور تیل کی بین الاقوامی قیمتوں کے معمولی اثرات ہیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت چھٹے جائزے کی کامیابی سے تکمیل اور تقریباً ایک ارب ڈالر کے حصول کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے ٹیکس کی شرح میں تھوڑا سا اضافہ کرکے صارفین کے لیے قیمتوں میں زیادہ اضافہ کرسکتی ہے۔