کراچی (پاک صحافت) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ سمیت پورے پاکستان سے صدارتی الیکشن کے بعد سرپرائز نظر آئیں گے۔ سندھ اسمبلی میں شرجیل میمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے ووٹ لے کر کامیاب ہوں گے، وہ ملک کی خدمت کریں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آصف زرداری نے پارلیمان کو اختیارات دیے، وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے، انہوں نے این ایف سی اور سی پیک کے تاریخی کام کیے۔ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ آصف زرداری چاروں صوبوں کو جوڑیں گے، تمام اداروں کو ساتھ بٹھائیں گے، ملک کو آگے چلانا ہے تو نفرت اور الزام تراشی کی سیاست ختم کرنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی بات سامنے ہے کہ ووٹ نہیں دیں گے، محمود خان اچکزئی پی ٹی آئی کو بُرے لگتے تھے، انہوں نے اداروں کو برا بھلا بولا اور آج وہ پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ ملک کے خلاف جو باتیں کرے وہ پی ٹی آئی کا پسندیدہ امیدوار ہے، اچکزئی صاحب بتائیں 2018ء میں انتخابات کس طرح ہوئے، اچکزئی اُس جماعت کے امیدوار ہیں جو چور دروازے سے اقتدار میں آئی تھی۔