اسلام آباد (پاک صحافت) کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج کو دبانے کے لئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے دو ماہ تک پنجاب میں رینجرز کو تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پنجاب حکومت کی درخواست پر ساٹھ دن کے لئے رینجرز تعینات کی گئی ہے۔ امن و امان کے قیام میں معاونت کرے گی۔ غیر ملکی طاقتیں پاکستان پر پابندیاں لگانا چاہتی ہیں۔ فرانس کا سفارت خانہ بند نہیں کرسکتے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ آرٹیکل 147 کے تحت صوبے میں رینجرز طلب کی گئی ہے اور پنجاب حکومت کو اختیار ہوگا کہ جہاں چاہے رینجرز کو استعمال کرے جبکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے اختیارات بھی پنجاب حکومت کو دیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک والے عسکریت پسند ہوچکے ہیں، سادھوکی میں پولیس کے 3 اہلکار شہید ہوگئے ہیں، تحریک لبیک والوں نے کلاشنکوفوں سے پولیس پر فائرنگ کی ہے، پرتشدد واقعات میں 70 پولیس اہل کار زخمی ہوئے جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔