خیرپور (پاک صحافت) پاکستان پیپلزپارٹی نے پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانے کے لئے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ جسے بھی نامزد کرے ہم اس کی حمایت کریں گے۔ پی پی چیئرمین کا کہنا ہے کہ ہم کسی کی لڑائی میں نہیں پڑیں گے، پنجاب میں پہلے عدم اعتماد لائی جاتی تو آج سارا کٹھ پتلی نظام جاچکا ہوتا، حکومت کی وجہ سے پورا پاکستان پریشان ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیرپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ پنجاب میں عدم اعتماد کیلئے ن لیگی امیدوارکو سپورٹ کریں گے، ن لیگ جس کومریم نواز، حمزہ شہبازجس کو بھی نامزد کرے گی حمایت کریں گے۔ دوسری جانب انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کو بھی خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے ذریعے پاکستان کی خودمختاری پر حملہ برداشت نہیں کرسکتے، ہم اسٹیٹ بینک آرڈیننس کی مخالفت کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ میڈیا سے گفتگو کے دوران بلاول بھٹوزرداری نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی منفی ہوچکی ہے، گروتھ بنگلا دیش سے بھی پیچھے ہے، مہنگائی میں ہم سب سے آگے ہیں، معاشی طور پر افغانستان کا بھی مقابلہ نہیں کرپارہے۔ پاکستان کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا، ہماری معیشت ایوب ،شہید بھٹو، پرویزمشرف یا میاں نوازشریف کا دور حکومت ہو، ہم نے کبھی معاشی مشکلات کا سامنا نہیں کیا، آج ہر شخص پرایک لاکھ 75 ہزار ہر پاکستانی پر قرض ہے۔