لاہور (پاک صحافت) محکمہ داخلہ پنجاب نےیوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے سیکیورٹی گائیڈ لائن جاری کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے اہم عمارتوں، دفاتر، حساس مقامات کی سیکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں تقریبات سے قبل فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائےجائیں۔
ذرائع کے مطابق یوم آزادی کی تقریبات سے قبل سپیشل برانچ سے وینیو کی ٹیکنیکل سویپنگ کروائی جائے۔ اسلحےکی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت ترین ایکشن اور ون ویلنگ اور ریش ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے۔
پنجاب بھر میں ون ویلنگ اور ریش ڈرائیونگ کی روک تھام کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ بڑے شہروں میں چیف ٹریفک آفیسر، چھوٹے شہروں میں ڈی ایس پی ٹریفک ٹاسک فورس کے سربراہ مقرر ہوں گے۔
حکام کو ہدایت کی گئیں ہے کہ سکیورٹی پر تعینات عملہ تقریبات کے اختتام اور شرکاء کی پرامن روانگی تک ڈیوٹی پر موجود رہے۔ بازاروں، پارکس اور شاپنگ مالز کیلئے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔