خوشاب (پاک صحافت) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 میں ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے، جس کا وقت ختم ہونے میں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔ خیال رہے کہ پی پی 84 خوشاب میں پی ٹی آئی کے علی حسین خان، ن لیگ کے ملک معظم کلو اور پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان، الیاس خان آزاد اور کالعدم جماعت کے اصغر علی بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خوشاب میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ ذرائع کے مطابق ڈی پی او خوشاب محمد نوید نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی پی او خوشاب محمد نوید نے ضمنی الیکشن کے موقع پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 687 ہے جس کے لیے حلقے میں 229 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ 43 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ حلقہ پی پی 84 کی نشست ن لیگ کے ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔