اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات ہوئی، جس میں پاک چین تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی چینی سفارت خانے پہنچے جہاں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستان میں متعین چینی سفیر سے ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات کے فروغ اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ پاک چین تعلقات کےفروغ اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے سی پیک اور دیگر منصوبوں پرکام کرنے والے چینی انجینئرز اور عملے کے سیکیورٹی پلان پر بھی بریفنگ دی، چینی سفیر نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین سے دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا ہے، چینی صدر، وزیراعظم اور اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا۔ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے جامع اور مؤثر ایس او پیز بنائے ہیں، اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کے لیے الگ فورس ایس پی یو بنائی جارہی ہے، پاکستان کی تعمیر وترقی کے لیے کام کرنے والے چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔