اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی پوری دنیا میں ایک مثال ہے۔ چین کے نئے قمری سال اور موسم بہار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمارے دلوں کے قریب ہے، پاکستان اور چین کے درمیان سرحدوں کے ساتھ ساتھ پہاڑ اور شاہراہیں بھی مشترک ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ چین کے جن شہروں میں بھی گیا کبھی ملک سے باہر ہونے کا احساس نہیں ہوا، خوشی اور فخر ہے کہ پاکستان اور چین کے عوام ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاک چین دوستی کا لازوال سفر جاری و ساری ہے، ون بیلٹ ون روڈ صدر شی جن پنگ کا شاندار منصوبہ ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر ہم دوسرے مرحلے کی طرف بڑھ رہے ہیں جبکہ گوادر میں پہلی فلائٹ لینڈ ہوئی جو بہت بڑا سنگِ میل ہے۔