پاکستان کیخلاف منظم سازش ہو رہی، ہمیں چوکنا رہنا ہوگا۔ وزیراعلی بلوچستان

سرفراز بگٹی

کوئٹہ (پاک صحافت) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف منظم سازش ہو رہی ہے، ہمیں چوکنا رہنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ حالیہ دہشتگردی کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قلات واقعہ اندوہناک ہے، لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، مسائل کا پائیدار حل ڈائیلاگ سے نکلتا ہے تو اچھی بات ہے۔

ذرائع کے مطابق سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی بات کرنا نہیں چاہتا تو تشدد کی اجازت نہیں دے سکتے، ریاست کی رٹ ہر حال میں قائم رکھی جائے گی، بلوچستان میں پہلی بار اساتذہ اور طبی عملے کی بھرتی میرٹ پر ہوئی، تاریخ میں پہلی بار ٹیچنگ کی کوئی نوکری فروخت نہیں ہوئی، عام آدمی نے میرٹ پر ہونے والی بھرتیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف منظم سازشیں ہو رہی ہیں، ہمیں چوکنا رہنا ہوگا، دشمن تین محاذوں پر جنگ لڑ رہا ہے اس کا ہر صورت مقابلہ کریں گے، بعض عناصر بندوق کے ذریعے تشدد کا راستہ اپنا رہے ہیں، ریاست کے خلاف نفرت پھیلانے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے