پاکستان کو نوازشریف جیسے سیاستدان کی ضرورت ہے۔ احسن اقبال

احسن اقبال

لاہور (پاک صحافت) لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کو نواز شریف جیسے سیاستدان کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ بدترین سازش کے ذریعے نوازشریف کو نااہل کیا گیا، آج سازش کے کردار خود گواہی دے چکے کہ نوازشریف کیخلاف سازش ہوئی، پاکستان نے اس عمل کی بہت بھاری قیمت ادا کی، پاکستان پر ایک ناکامی مسلط کی گئی، جس شخص نے یونین کونسل تک نہیں چلائی تھی اسے ایٹمی طاقت کی کنجیاں دے دی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف سے معاہدے پر کہا تھا یہ غریبوں کے مستقبل کا سودا کررہے ہیں، ہم نے اسمبلی فلور پر کہا تھا اس کا نتیجہ بدترین مہنگائی کی صورت میں نکلے گا، آج ہمیں چیئرمین پی ٹی آئی کے معاہدے کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ہم 2024 میں کامیاب ہو کر عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، انشاءاللہ 2024 سے ایک نئے سفر کا آغاز ہوگا، 2024 سے ہم پھر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کا آغاز کریں گے، نوازشریف کی قیادت میں ملکی معیشت بحال ہوگی، نوازشریف عالمی شخصیت، دوست ممالک سے مثالی تعاون بحال کرنے میں کامیاب ہوں گے، ہم نے آئندہ 3 سال میں 70 ارب ڈالر کے قرضے ادا کرنے ہیں، ہمارے پاس مزید کسی تجربے کی گنجائش نہیں،کوشش ہوگی ہم مزید قرضے لینے پر مجبور نہ ہوں، نوازشریف کا بیانیہ اس ہی امید کے گرد ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا پیغام ہے عوام کو معاشی مشکلات سے نجات دلائی جائے گی، 2013 سے 17 کے دوران نوازشریف نے کام کرکے دکھایا، نوازشریف نے مہنگائی کے جن اور دہشتگردی کے فتنے کو شکست دی تھی، نوازشریف نے 3 بار پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنانے کی کوشش کی، سی پیک پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے منصوبے شروع کئے گئے، بھارت نے ہماری نقل کی اور وہ تسلسل کے ساتھ ہم سے آگے نکل گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے