پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت علماء اسلام کا آئینی اصلاحات ڈرافٹ پر اتفاق

مولانا فضل الرحمن بلاول

اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کا متفقہ آئینی اصلاحات ڈرافٹ پر اتفاق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کے درمیان 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بلاول ہاؤس میں 3 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے، مذاکرات کے بعد پاکستان پیپلر پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مجوزہ آئینی ترمیم کو ہم نے ڈسکس کیا، پیپلز پارٹی کے ساتھ ڈرافٹ پر اتفاق ہو گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کل میاں نوازشریف سے ملاقات ہوگی، نوازشریف سے بھی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے، اتفاق رائے کے لیے بلاول کا اہم کردارہے۔

سربراہ جے یوآئی نے کہا کہ پہلا مسودہ جس کو مسترد کیا تھا آج بھی اس کو مسترد کرتا ہوں، اپنی تجاویز مرتب کیں اس پر بات ہوئی، پیپلز پارٹی نے بھی قریب قریب مسودہ تیار کیا، جو ہم دونوں کے مسودے میں فرق تھا اس کو ختم کرنے میں آج کامیاب ہوئے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اتفاق رائے پر پہنچ چکے ہیں، تحریک انصاف کے ساتھ مسلسل رابطہ ہے، انشاءاللہ پورے ایوان کا اتفاق حاصل کر لیں گے، مسودے کی شکل کیا ہو گی، اس کا انتظار کرنا پڑے گا، ہم نے غیرمتنازع آئینی ترمیم کرنی ہے، جے یو آئی میثاق جمہوریت کی دستخطی نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے