اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے وزیر اعظم عمران خان کو ملک میں جاری ہر بحران کا موجد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر بحران کا موجد وزیر اعظم خود ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اس ملک میں رہتے ہوئے یہاں کے باشندوں کو اجنبیت کا احساس ہوتا ہے، ٹیکسز بڑھانا علاج نہیں، کرپشن روکی جائے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں خاندان 2 وقت کی روٹی نہیں کھا سکتے، سرمایہ دار اپنی شادیوں پر 2،2 ارب خرچ کر دیتے ہیں، ٹیکس کا سارا بوجھ غریب آدمی اٹھائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ گندم، چینی کا ڈاکا روکا جائے، کل وزیر اعظم کہہ رہے تھے ساڑھے 3 سال میں بحران حل کیے، وزیر اعظم نے خود کہا احتساب کا ایجنڈا ناکام ہوا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جیل میں بیٹھ کر ایک ایک پیسے کا حساب دیا ہے، آپ بھی دیں۔ انکا احتساب کا ایجنڈا ایک یا 2 پارٹیوں کو ٹارگٹ کرتا ہے۔ حکومت کی جیبیں گرم کرنے والوں کو کوئی نہیں پکڑتا، لوٹ مار کے مال سے سب سے پہلےحصہ انکے پاس لاتے تھے، اسکے بعد باقی لیڈراپنے گھر مال لے کر جاتے تھے، اس طرح ملک نہیں چلتے۔