اسلام آباد (پاک صحافت) چیئرمین اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن حکومت پاکستان سید قمر رضا نے دنیا بھر سے اسلام آباد آئے اوورسیز سے پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سب سے پہلے کا نعرہ لگا کر ہی ہم دنیا کے ساتھ ترقی کے میدان میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا موجودہ حالات میں پاکستان میں ترقی کے دروازے کھل چکے ہیں، امن و امان اور اعتماد کی فضاء قائم ہے سرمایہ کاروں کےلیے نت نئے منصوبے موجود ہیں۔ سید قمر رضا نے کہا کہ پاکستان کا ہر ادارہ ملک کی ترقی میں ساتھ نبھانے کو تیار ہے، آئیے اپنے ملک پاکستان کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں۔
دریں اثناء پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن فاؤنڈیشن کے سربراہ چوہدری اکرم منہاس اور لندن سلاؤ سٹی کے سابق میئر راشد بٹ نے چیئرمین سید قمر رضا سے خصوصی ملاقات کر کے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور اوورسیز پاکستانیوں کو متحد منظم کر کے پاکستان کا اصل چہرہ اجاگر کرنے لیے اپنی گزارشات پیش کیں۔ ان رہنماؤں نے بحیثیت چیئرمین تعیناتی پر سید قمر رضا کو پھول بھی پیش کیے، سید قمر رضا نے دنیا بھر سے آئے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔